کرپشن کے الزامات پر قانونی نوٹس نہیں، شفاف تحقیقات اور حقائق سامنے لائے جائیں، میاں قاسم

0

 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کے سینئر نائب صدر و چیئرمین سوشل ورک کمیٹی میاں قاسم نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ایک باوقار، دیانتدار اور اصول پسند سیاسی رہنما ہیں۔ ان کی سیاسی زندگی عوامی خدمت، بردباری اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل سے عبارت ہے جبکہ ان کے ماضی پر کسی قسم کا کوئی داغ نہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو قانونی نوٹس بھجوائے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختلاف رائے اور حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھانا ہر سیاسی رہنما کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ اگر کسی معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے تو اس کا جواب قانونی نوٹس کے ذریعے دینے کے بجائے متعلقہ حقائق اور دستاویزی شواہد عوام کے سامنے لائے جانے چاہئیں۔

میاں قاسم نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ اگر حکومتی معاملات شفاف ہیں تو متعلقہ اداروں اور حکام کو وضاحت پیش کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔ کرپشن کے خلاف آواز اٹھانا کسی کی مخالفت نہیں بلکہ قومی مفاد اور بہتر طرز حکمرانی کا تقاضا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری سالک حسین کا تعلق ایک ایسے سیاسی خاندان سے ہے جس نے ملکی سیاست، جمہوریت اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی اپنی سیاسی شناخت بھی شائستگی، تحمل اور ذمہ دارانہ رویے سے قائم ہے۔ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر ان کی شخصیت اور کردار کو نشانہ بنانا کسی صورت مناسب نہیں۔

میاں قاسم نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں تمام سیاسی قیادت کو برداشت، رواداری اور باہمی احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ عوامی مسائل اور حکومتی کارکردگی پر تعمیری بحث کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کے بجائے حقائق کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کیا جائے تاکہ جمہوری اقدار، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو مضبوط بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.