اسلام آباد:موسمیاتی تبدیلی بڑھتا ہوا انسانی بحران بن چکی ہے:فرزانہ نائیک

’’کمیونٹی کی آواز سے COP31 تک‘‘سے متعلق تقریب،ماحولیاتی مکالمہ اور دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی

0

اسلام آباد:ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام "کمیونٹی کی آواز سے کوپ 31 تک” سے متعلق تقریب بعنوان بات چیت سے عمل تک منعقد کی گئی۔اس تقریب کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے افتتاحی کلمات میں
مہمانانِ گرامی، شراکت داروں، انسانی خدمت سے وابستہ معزز شخصیات، ہلال احمر پاکستان کے عملہ اور رضاکاروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس اہم تقریب ’’کمیونٹی کی آواز سے COP31 تک‘‘ میں شرکت میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔آج کی تقریب کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ آبادیوں کے تجربات، خدشات اور اُمیدوں کو عالمی ماحولیاتی مکالمے کا حصہ بنانا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اب ایک بڑھتا ہوا انسانی بحران بن چکی ہے، جو انسانی زندگی، ذرائع معاش، صحت، غذائی تحفظ، پانی کی دستیابی اور انسانی وقار کو متاثر کر رہی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل محمد عبیداللہ خان نے تقریب کے مختلف زونز سے متعلق بتاتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں کی مطابقت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔تقریب میں تھیٹر پرفارمینس "تپش” بھی پیش کی گئی جو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلقہ تھی۔زون تھری میں
پینل ڈسکشن میں سوال و جواب کا بھی سیشن ہوا جرمن ریڈ کراس کے آصف امان نے پینلسٹ کا شکریہ ادا کیا ۔شرکاء کو جی آر سی اور پی آر سی کے مشترکہ اقدامات پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔زون ٹو میں گرین مارکیٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔
تقریب میں جی آر سی کے مندوب ایملیو تیجیریا
نے بھی خطاب کیا اور ہلال احمر پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات کو سراہا۔
کلائمیٹ چینج پروگرام کے انچارج سجاد کندھیر نے پروگرام کی افادیت،اہمیت اور جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ اس تقریب کا مقصد آئندہ ماہ ترکیہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس آف پارٹی (کوپ)31 میں متاثرہ کمیونیٹیز کی آواز پہنچانا ہے تا کہ عملی اقدامات کی جانب بڑھا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.