فنی تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی میں چین پاکستان تعاون مزید مضبوط بنایا جائے،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام
اسلام آباد:چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستان رانا مشہود احمد خان نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، تکنیکی تربیت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، تاکہ نوجوانوں کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل انڈسٹری ایجوکیشن کوآپریشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے، صنعتی ترقی اور مشترکہ معاشی خوشحالی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ عملی اور پائیدار تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، صنعتی ترقی اور ہنرمندی کی تربیت کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جانا چاہیے، جن میں مشترکہ تربیتی پروگرام، نصاب کی تیاری، فنی تربیت دینے والے اساتذہ کی استعداد میں اضافہ، اطلاقی تحقیق، تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری اور فارغ التحصیل نوجوانوں کو آجروں سے منسلک کرنے کے مؤثر اقدامات شامل ہیں۔