بیجنگ : چین کے صدر شی جن پھنگ نے تھو لام کو ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ۔
جمعہ کے روز اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ تیرہویں قومی کانگریس کے بعد سے، ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی نے ویتنام کے قومی حالات کے مطابق سوشلسٹ جدیدیت کے راستے پر مضبوطی سے عمل کیا ہے اور اس کی تعمیر اور اصلاحات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے نتیجے میں ویتنام کی بین الاقوامی حیثیت اور اثر و رسوخ میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
صدر شی نے کہا کہ ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی چودہویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد نے ویتنام کے لیے قومی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ جنرل سکریٹری کی قیادت میں ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی نئی مرکزی کمیٹی ویتنام کے عوام کو متحد رکھنے ، عزم کے ساتھ آگے بڑھنے اور نئی اور بڑی کامیابیوں کے حصول میں مدد دے گی اور ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کی چودہویں قومی کانگریس میں متعین کردہ تمام اہداف کی تکمیل کرے گی ۔
شی جن پھنگ نےکہا کہ چین اور ویتنام دوست سوشلسٹ ہمسائے ہیں اور اسٹریٹجک نوعیت کے ہم نصیب معاشرے کے حامل ممالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین اور ویتنام کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جنرل سیکرٹری تھولام کے ساتھ تزویراتی رابطے کو مضبوط بنانے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سوشلزم کے مقصد کو فروغ دینے اور باہمی جامع تزویراتی تعاون میں ثمرات حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید خوشحالی لا ئی جا سکے اور خطے اور دنیا کے امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے ۔