بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کی یومیہ پریس کانفرنس میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر چین میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں پیش رفت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے تعاون کے فروغ میں چین کے اقدمات کے حوالے سے ایک سوال کیا گیا۔بدھ کے روز وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے سوال کے جواب میں کہا کہ اس سال اقوام متحدہ کے قیام کی اسیویں سالگرہ ہے اور اس ادارے نے 77 سال پہلے "انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے” کو منظور کیا اور 75 سال پہلے انسانی حقوق کا عالمی دن مختص کیا جو اس عظیم خواب کی تکمیل میں مدد دیتا ہے کہ ہر شخص انسانی حقوق سے بھر پور طور پر لطف اندوز ہو ۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کا تصور دن بہ دن مقبول ہوتا جا رہا ہے۔ گو جیا کھون نے کہا کہ چین نے ہمیشہ انسانی حقوق کے احترام اور تحفظ کو بہت اہمیت دی ہے، اور انسانی حقوق کی ترقی کے ایسے راستے پر قدم رکھا ہے جو وقت کے رجحان اور چین کے قومی حالات کے مطابق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین صدر شی جن پھنگ کے تجویز کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو کو فعال طور پر نافذ کرے گا اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ کے لیے مزید مثبت توانائی فراہم کرے گا ۔