بیجنگ () چینی صدر شی جن پھنگ اور کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کے درمیان جنوبی کوریا کے شہر گیونگ جو میں اپیک اجلاس کے دوران ملاقات ہوئی۔جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے اس موقع پر کہا کہ رواں سال چین اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 55 ویں سالگرہ اور اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 20 ویں سالگرہ ہے۔ دونوں فریقوں کی مشترکہ کاوشوں سے چین۔کینیڈا تعلقات میں بہتری اور مثبت پیش رفت کا رجحان واضح ہے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات سے ہم آہنگ ہے۔ چین، کینیڈا کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو عملی اور تعمیری انداز میں بہتر بنانے کی خواہش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چین اس ملاقات کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرنے کا خواہاں ہے تاکہ چین۔کینیڈا تعلقات کو جلد از جلد صحت مند، مستحکم اور پائیدار راہ پر واپس لایا جا سکے اور دونوں اقوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچایا جا سکے۔
شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین اور کینیڈا کو ایک دوسرے کو درست زاویے سے دیکھنا چاہیے اور دونوں ممالک کے مشترکہ اور طویل مدتی مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔
مارک کارنی نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ 55 برسوں کے دوران کینیڈا اور چین نے طویل عرصے سے خوشگوار تعلقات قائم رکھے ہیں۔ کینیڈا کی نئی حکومت چین کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی متمنی ہے تاکہ عملی اور تعمیری انداز میں چین-کینیڈا تعلقات کو مزید ثمر آور بنایا جا سکے۔