لیون ویروئے فرنینڈس کا "حبیبی اور حبیبتی” ڈیزائن فاتح قرار
دبئی:ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے زیرِ اہتمام ماسکوٹ ڈیزائن مقابلے کا نتیجہ جاری کر دیا گیا۔ اس تخلیقی مقابلے میں لیون ویروئے فرنینڈس کے ڈیزائن "حبیبی اور حبیبتی” کو فاتح قرار دیا گیا، جو اب لیگ کے سرکاری ماسکوٹ کے طور پر آئندہ سیزنز میں پیش کیا جائے گا۔
یہ منفرد مقابلہ 4 جولائی سے 21 ستمبر تک جاری رہا، جس میں متحدہ عرب امارات کے مختلف اسکولوں کے طلبا نے بھرپور شرکت کی۔ ہزاروں انٹریز موصول ہوئیں، جنہوں نے نوجوان نسل کے اندر کرکٹ کے شوق، تخلیقی صلاحیتوں اور جوش و خروش کو اجاگر کیا۔فاتح ماسکوٹ کا شاندار انکشاف انڈین ہائی اسکول، عود میثا، دبئی میں ایک رنگارنگ تقریب میں کیا گیا، جہاں لیون ویروئے فرنینڈس کے ڈیزائن کو عملی شکل میں پیش کیا گیا۔ تقریب میں طلبا، اساتذہ اور کرکٹ کے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم تمام شرکا کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنی تخلیقی کاوشوں سے اس مقابلے کو کامیاب بنایا۔
ہمارے نزدیک ہر شریک ایک فاتح ہے۔ اس مقابلے نے امارات میں کرکٹ کے فروغ اور مختلف قومیتوں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کیا ہے۔انڈین ہائی اسکولز گروپ کے سی ای او شری پونیت ایم کے واسُو نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے ساتھ ہمارا اشتراک طلبا کے لیے ایک شاندار موقع ہے کہ وہ عالمی معیار کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ کھیل کے اندر پوشیدہ اقدار نظم و ضبط، قیادت، ٹیم ورک اور صبر کو بھی سیکھ سکیں۔ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کا چوتھا سیزن 2 دسمبر 2025 کو یو اے ای نیشنل ڈے (عید الاتحاد) کے موقع پر ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگا، جبکہ فائنل میچ 4 جنوری 2026 کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ شائقین ورجن میگا اسٹورز کے آن لائن پلیٹ فارم (tickets.ilt20.ae) سے ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔