بیجنگ :پانچ سالہ منصوبوں کی سائنسی بنیادوں پر تیاری اور ان کا تسلسل کے ساتھ نفاذ، چین کی گورننس اور قومی ترقی کا ایک اہم تجربہ ہے۔ ابھی حال ہی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا چوتھا کل رکنی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پندرہواں پانچ سالہ منصوبہ پیش کیا گیا، اس منصوبے کو اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بھرپور توجہ ملی ہے۔چائنا میڈیا گروپ کے تحت سی جی ٹی این نے 46 ممالک کے 47 ہزار افراد پر مشتمل ایک عالمی سروے کیا ، اس تین سالہ سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر عوام چین کی گورننس کے طریقۂ کار اور اس کی سائنسی منصوبہ بندی کو مثبت نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور چینی معیشت پر ان کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔سروے نتائج کے مطابق، گزشتہ تین برسوں کے دوران "چین ایک کامیاب ملک ہے” کے مؤقف سے متفق افراد کی شرح ہمیشہ 84 فیصد سے زیادہ رہی۔2025ء کے سروے میں 79.8 فیصد شرکاء نے چین میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو سراہا،78.8 فیصد نے چین کے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری کو تسلیم کیا،73 فیصد نے کہا کہ چینی عوام کی آمدنی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں، تین سالہ سروے کے دوران عالمی سطح پر چینی معیشت کے طویل المدتی استحکام پر اعتماد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔2025ء کے سروے میں 89.3 فیصد شرکاء نے کہا کہ چین کی معیشت بلند رفتار ترقی برقرار رکھے ہوئے ہے،86.4 فیصد نے اعتراف کیا کہ چین عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،72.6 فیصد نے چین کو ایک کھلی اور مسابقتی مارکیٹ قرار دیا،79.8 فیصد کا کہنا تھا کہ چین کی بڑی منڈی اُن کے اپنے ملک کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہے،79.8 فیصد نے کہا کہ چین کا سازگار کاروباری ماحول غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہے، جبکہ 78 فیصد شرکاء نے کہا کہ اُن کے ممالک کو چین کے ساتھ تجارت سے خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوا ہے۔