کوالالمپور (چائنہ ڈیسک) چین اور امریکہ کے درمیان اقتصادی و تجارتی امور پر چینی وفد کے سربراہ اور چین کے نائب وزیراعظم حہ لی فنگ اور امریکی وفد کے سربراہ اور امریکی وزیر خزانہ بیسنٹ اور تجارتی نمائندہ گریئر نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں چین۔امریکہ اقتصادی اور تجارتی مشاورتی مذاکرات میں شرکت کی۔اتوار کے روز
دونوں فریقوں نے رواں سال ، چین اور امریکہ کے رہنماوں کے درمیان ہونے والی متعدد ٹیلی فونک بات چیت میں طے شدہ اہم اتفاقِ رائے کی روشنی میں، امریکہ کی جانب سے چین کے بحری لاجسٹکس اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے خلاف 301 اقدامات، مساوی محصولات کی معطلی کی میعاد میں توسیع، فینٹانائل کے محصولات اور انفورسمنٹ تعاون، زرعی پیداوار کی تجارت، برآمدی کنٹرول جیسے دونوں فریقوں کے مشترکہ اہم اقتصادی اور تجارتی مسائل پر مخلصانہ، گہرا اور تعمیری تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقوں کے درمیان اپنے اپنے تحفظات کے حل کے حوالے سے بنیادی اتفاقِ رائے پایا گیا۔ فریقین نے مزید تفصیلات طے کرنے اور اپنے اپنے ملکی منظوری کے عمل کو مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
حہ لی فنگ نے کہا کہ چین۔امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی اصل نوعیت باہمی مفاد اور مشترکہ کامیابی پر مبنی ہے۔ دونوں فریقوں کے تعاون سے دونوں فائدے میں رہتے ہیں اور تصادم کی صورت میں دونوں کو نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی اور تجارتی تعاون میں پیدا ہونے والے اختلافات اور تحفظات کے بارے میں، دونوں فریقوں کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی، اور تعاون کے ذریعے مشترکہ کامیابی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے، مساوی مکالمے اور مشاورت کے ذریعے ایک دوسرے کے تحفظات کے مناسب حل کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔
حہ لی فنگ نے مزید کہا کہ چین-امریکہ اقتصادی اور تجارتی مشاورتی مذاکرات کے نتائج آسانی سے حاصل نہیں ہوئے ، انہیں دونوں فریقوں کے مشترکہ تحفظ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان ہونے والی متعدد بات چیت کے اہم اتفاقِ رائے اور اس سال کے دوران ہونے والے اقتصادی اور تجارتی مشاورتی مذاکرات کے نتائج پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کرے گا، باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنائے گا، اختلافات کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرے گا، باہمی مفاد کے تعاون کو وسعت دے گا، اور دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مسلسل اعلیٰ سطح پر لے جائے گا۔
امریکی فریق نے کہا کہ امریکہ۔چین اقتصادی اور تجارتی تعلقات دنیا کے سب سے بااثر دو طرفہ تعلقات ہیں، امریکہ ، چین کے ساتھ مساوات اور احترام کی بنیاد پر اختلافات کو حل کرنے، تعاون کو مضبوط بنانے، اور مشترکہ ترقی حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی اسٹریٹجک رہنمائی میں چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورت میکانزم کوبھرپور انداز سے بروئے کار لائیں گے، اقتصادی و تجارتی شعبوں میں اپنے اپنے تحفظات پر قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے، اور چین۔امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو صحت مند، مستحکم، اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے اور عالمی خوشحالی کو فروغ ملے۔