بیجنگ :چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے ملاقات کی۔زمبابوے کے صدر منانگاگوا جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور عالمی فاشسٹ مخالف جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین تشریف لائے ہیں ۔
اس موقع پر دونوں سربراہان مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو چین ۔زمبابوے ہم نصیب معاشرے میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔جمعرات کے روزشی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور زمبابوے کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 45 ویں سالگرہ ہے اور چین، اپنے قومی حالات کے مطابق آزادانہ طور پر ترقیاتی راہ کی جستجو میں زمبابوے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ، بیرونی مداخلت اور غیر قانونی پابندیوں کی مخالفت کرے گا اور دونوں ممالک اور گلوبل ساؤتھ کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرے گا ۔
چین زمبابوے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ چین افریقہ تعاون فورم کے بیجنگ سربراہ اجلاس کے نتائج پر عمل درآمد کو فروغ دیا جاسکے اور زمبابوے کی معاشی اور سماجی ترقی میں مدد کی جاسکے۔ منانگاگوا نے کہا کہ زمبابوے ، چین کے ساتھ ہمہ موسمی ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کا خواہاں ہے، اور ثابت قدمی سے ایک چین کے اصول پر عمل کرے گا، مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرے گا، اور دوطرفہ تعلقات کی مزید ترقی کو فروغ دے گا. زمبابوے متعلقہ انیشی ایٹوز کے نفاذ اور بین الاقوامی انصاف کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ ہے۔