بیجنگ: چین نے بیجنگ میں جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور عالمی فاشزم مخالف جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک شاندار پریڈ کا اہتمام کیا، جس میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پوٹن سمیت 26 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔ یہ تقریب نہ صرف اس عظیم تاریخی دور کی یاد تھی، بلکہ موجودہ پیچیدہ عالمی صورتحال میں چین کی امن پسند ترقی اور بڑی طاقت کی ذمہ داری کا اظہار بھی تھی۔ یہ یادگاری تقریب تاریخ اور مستقبل کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔چینی صدر شی جن پھنگ نے پریڈ کے موقع پر ایک اہم خطاب میں کہا کہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ عالمی فاشزم مخالف جنگ کا اہم حصہ تھی، جس میں چینی قوم نے بڑی قربانیاں دے کر انسانی تہذیب کی حفاظت اور عالمی امن کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ تمام ممالک اور اقوام کو یکساں احترام، باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے ذریعے ہی جنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ 1931 میں محدود جنگ سے لے کر 1945 میں مکمل فتح تک، چین نے دوسری جنگ عظیم کے مشرقی محاذ کے طور پر فاشزم مخالف جنگ میں ناقابل فراموش تعاون کیا۔ چینی فوجیوں اور عوام نے اپنے جسموں سے جاپانی فوج کی زیادہ تر طاقت کو روکا اور حملہ آوروں کے "فوری فتح” کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔ اس جنگ میں چین کا 35 ملین سے زیادہ جانی نقصان ہوا، اور چینی قوم کے محاذ پر ڈٹے رہنے سے اتحادی فوجوں کو یورپ اور بحر الکاہل کے محاذوں پر جوابی حملے کے لیے قیمتی وقت ملا، جس نے عالمی فاشزم مخالف جنگ کی مکمل فتح کی بنیاد رکھی۔ اگر چینی محاذ پر یہ مسلسل مزاحمت نہ ہوتی، تو عالمی فاشزم مخالف جنگ کا عمل اور نتیجہ شاید مختلف ہوتا۔ اس تاریخ کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور چینی عوام کی قربانیوں اور تعاون کو انسانی اجتماعی یاد میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا جانا چاہیے۔موجودہ یاد گاری تقریب نہ صرف تاریخ کی یاد ہے، بلکہ چین کے پیش کردہ انسانی ہم نصیب معاشرے کے تصور کی گہری تشریح بھی ہے۔ تاریخ کا سبق ہمیں خبردار کرتا ہے: فاشزم اور عسکریت پسندی کی تباہی انسانی اقدار کی تباہی سے پیدا ہوتی ہے، جبکہ امن اور ترقی قوموں کی باہمی وابستگی کی اتفاق رائے پر تعمیر ہوتی ہے۔ چین نے اپنے تاریخی دکھوں سے انسانی ہم نصیب معاشرے کا جدید تصور اخذ کیا ہے، جو دوسری جنگ عظیم کی تاریخ کی گہری سمجھ اور انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک سنجیدہ وعدہ ہے۔ یہ خیال نظریاتی اختلافات اور قومی مفادات کی حدوں سے بالاتر ہے، اور تمام ممالک کو باہمی احترام، منصفانہ انصاف، اور باہمی تعاون پر مبنی نئے بین الاقوامی تعلقات کے قیام کی ترغیب دیتا ہے۔ 3 ستمبر کو بیجنگ میں منعقدہ تقریب اسی قسم کے عالمی شعور کو اجاگر کرنے کے لیے تھی۔آج کی دنیا ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے، جہاں علاقائی تنازعات کثرت سے ہو رہے ہیں، سرد جنگ کی سوچ واپس آ رہی ہے، اور یکطرفہ پسندی اور تحفظ پسندی ابھر رہی ہے، جس سے امن اور ترقی کو سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایسے میں، چین کی تقریب واضح عصری اہمیت رکھتی ہے، جو دنیا کو تین اہم پیغامات دیتی ہے: اول، امن کی بنیادوں پر قائم رہنا ضروری ہے، اور کسی بھی قسم کی جنگ کی تحریک یا تاریخ کو مسخ کرنے کے عمل سے خبردار رہنا چاہیے۔ دوم، بین الاقوامی انصاف کو برقرار رکھنا ضروری ہے، اور اقوام متحدہ کے مرکز میں بین الاقوامی نظام اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر بین الاقوامی نظم و نسق کو برقرار رکھنا چاہیے۔ سوم، تعاون کے تصور کو مضبوط بنانا ضروری ہے، اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے اور چیلنجوں کا مقابلہ تعاون کے ذریعے کرنا چاہیے۔ ایک ذمہ دار بڑی طاقت کے طور پر، چین عملی اقدامات کے ذریعے ان اصولوں پر عمل پیرا ہے — خواہ وہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں حصہ لینا ہو، بین الاقوامی مسائل کے سیاسی حل کو فروغ دینا ہو، یا "بیلٹ اینڈ روڈ” کے ذریعے مشترکہ ترقی کو فروغ دینا ہو — یہ سب فاشزم مخالف جنگ کی وراثت کی جدیدشکل ہے۔مشرقی محاذ سے انسانی ہم نصیب معاشرے تک، تاریخی تعاون سے عصری ذمہ داری تک، 80 سال پہلے چینی عوام نے عالمی فاشزم مخالف جنگ میں اپنا خون بہایا، اور 80 سال بعد چین عالمی گورننس اور انسانی ترقی کے لیے اپنی حکمت اور طاقت پیش کر رہا ہے۔ فاشزم مخالف جنگ کی 80 ویں سالگرہ منانا نہ صرف تاریخ کو خراج تحسین پیش کرناہے، بلکہ مستقبل کے لیے ایک دعوت بھی ہے، جو الجھی ہوئی دنیا میں یقین پیدا کرے گی اور انسانی تہذیب کو روشن سمت میں فروغ دے گی۔