اقوام متحدہ (یو این) نے پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کر دی۔
سیکریٹری جنرل یو این کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے ہنگامی امدادی فنڈ سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد جاری کی ہے۔
امداد سے متاثرین سیلاب کے لیے پناہ گاہوں، طبی امداد، روزگار کے لیے نقد معاونت، حفظانِ صحت کے سامان اور پینے کے صاف پانی کا بندوبست کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلابی صورت حال کا سامنا کر رہا ہے، اس وقت پاکستان کے سب سے بڑے آبادی والے صوبہ پنجاب میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پگھلنے کے نتیجے میں سیلاب سے تباہی میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جب کہ سیکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔