مسلم لیگ (ق) برطانیہ کا سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا اعلان


اسلام آباد/ برمنگھم : سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز برطانیہ نے بھرپور تعاون اور فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ طارق حسن سے تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں متاثرینِ خیبر پختونخوا اور ناردن ایریاز کی مدد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ سبز پرچم تلے ہم سب ایک ہیں اور انسانیت کے ناطے سیلاب متاثرین کی مدد ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے محمد شفیق صدر مسلم لیگ (ق) اوورسیز برمنگھم کو ہدایت دی کہ طارق حسن کی مشاورت سے متاثرین کی مؤثر مدد کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں محمد شفیق کی طارق حسن سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں طے پایا کہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں فنڈ ریزنگ اکاؤنٹ قائم کیا جائے گا تاکہ اندرون و بیرون ملک محب وطن پاکستانی شفافیت کے ساتھ اپنا حصہ ڈال سکیں۔اس موقع پر انجیئو حوا نور ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون کا بھی اعلان کیا گیا جس کے چیئرمین ڈاکٹر شوکت علی شیخ اور فنانس سیکریٹری محمد شفیق ہیں۔ مزید برآں ذیشان زادہ عرف (شانی) کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا جو زمینی سطح پر متاثرین کے درمیان رہ کر مانیٹرنگ اور عملی مدد فراہم کریں گے۔ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے کیونکہ فوج ہی وطنِ عزیز کی سلامتی کی ضامن ہے۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

Comments (0)
Add Comment