حکومت نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کردی، ڈاکٹر سہیل منیر چیئرمین مقرر


اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ( پی ڈی اے) قائم کردی، وزیراعظم نے ڈاکٹر سہیل منیر کو چیئرمین پی ڈی اے مقرر کر دیا ہے۔
محمد جے سیئر کو ممبر پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے، چیئرمین اور ممبر پی ڈی اے کی تقرریاں 5 سالہ کنٹریکٹ پر ہوئی، کابینہ سیکرٹریٹ نے تقرریوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان تیار اور نافذ کرے گی اور ڈیجیٹل منصوبوں کے لیے مانیٹرنگ فریم ورک بھی بنائے گی۔

پی ڈی اے کا قیام ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے، اس سلسلے میں اسٹریٹیجک اوور سائیٹ کمیٹی اور نیشنل ڈیجیٹل کمیشن بھی قائم ہوں گے۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ کی سربراہی میں سرچ اینڈ سلیکشن کمیٹی نے نام وزیراعظم کو بھجوائے تھے، کمیٹی میں وزیر اقتصادی امور، ریلوے، خزانہ کے علاوہ اسٹیبلشمنٹ، کابینہ اور آئی ٹی ڈویژن کے سیکرٹریز بھی شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال جون میں پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تقرریوں کے لیے باقاعدہ طور پر سرچ کمیٹی کی منظوری دی تھی۔

وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کو ہر عہدے کے لیے تین امیدواروں کے نام وزیراعظم کو تجویز کرنا تھے، جب کہ چیئرمین اور ممبران کی تنخواہوں اور مراعات کے حوالے سے بھی سفارشات مرتب کرنا تھی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کو سرچ کمیٹی کی کنوینر مقرر کیا گیا تھا، جب کہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکریٹری، سیکریٹری کابینہ ڈویژن، سیکریٹری آئی ٹی، ممبر پی آر اے ایل بورڈ، وزیر مملکت برائے ریلویز، فنانس اور پی ایم ڈی یو بلال اظہر کیانی بھی کمیٹی میں شامل تھے۔

Comments (0)
Add Comment