اسلام آباد ہائیکورٹ سے بحریہ ٹاؤن کی جائیداد کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد


اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جائیداد کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کردیں، عدالت عالیہ نے نیب کو بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے جائیداد کی نیلامی روکنے کے لیے دائر درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں، جب کہ عدالت عالیہ نے نیب کو بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
چیف جسٹس سرفرازڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے اس حوالے سے مختصر فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے تاریخ مقرر کردی تھی۔
نیب کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملک ریاض پراپرٹیز کی نیب نیلامی 7 اگست نیب راولپنڈی آفس اور جی سکس ون اسلام آباد میں ہوگی۔
جن جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، ان میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس ٹو پلاٹ نمبر ڈی سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہیں۔
نیلامی میں پلاٹ نمبر ای سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس بھی شامل ہیں، روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی، نزد بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد بھی نیلام ہوں گی۔
ملک ریاض کی دیگر جائیدادوں کی نیلامی بھی 7 اگست کو عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں قومی احتساب بیورو نے بحریہ ٹاؤن کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری گولف سٹی اور اسلام آباد میں کثیر المنزلہ رہائشی و کمرشل جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment