وینکوور(سپورٹس ڈیسک) کینیڈا کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے، ’’کینیڈا سپر 60‘‘لیگ نے اعلان کیا ہے کہ مردوں اور خواتین کے ابتدائی ٹورنامنٹ کے لیے بی سی پلیس اسٹیڈیم کو باضابطہ مقام کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔بھارتی کرکٹ اسٹار اور کینیڈا سپر 60 کے اسٹریٹیجک پارٹنر یووراج سنگھ نے کہا کہ بی سی پلیس صرف ایک اسٹیڈیم نہیں بلکہ خوابوں کا میدان ہے۔ خواتین اور مردوں کے کرکٹرز کے لیے اس اسٹیڈیم میں کھیلنا ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ہوگا۔ وینکوور ایک ایسا شہر ہے جو قدرت، ثقافت اور تنوع کا امتزاج ہے کرکٹ یہاں ایک نئے جذبے کے ساتھ پروان چڑھے گی’’کینیڈا سپر 60‘‘ دنیا کی پہلی کرکٹ لیگ ہوگی جو اپنے ابتدائی سیزن سے ہی مردوں اور خواتین کے 10 اوور فی اننگز مقابلے یکساں طور پر پیش کرے گی۔ اس جدید فارمیٹ کا مقصد کرکٹ کو شمالی امریکہ میں فروغ دینا اور کینیڈین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ٹورنامنٹ کی حتمی تاریخوں اور ٹکٹوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ یہ ایونٹ نہ صرف سنسنی خیز میچز فراہم کرے گا بلکہ وینکوور کے لیے ایک تاریخی ثقافتی اور اسپورٹس تجربہ ثابت ہوگا۔