راولپنڈی : پولیس نے جرگے کے حکم پر قتل کی جانے والی شادی شدہ خاتون کی لاش منتقلی کے دوران استعمال ہونے والا رکشہ برآمد کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاش منتقلی کے دوران استعمال ہونے والا رکشہ گرفتار ملزم خیال محمد کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم نے لاش رکشے میں ڈال کر قبرستان منتقلی کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ جرگہ سربراہ کی ہدایت پر لاش منتقلی کے لیے رکشہ منگوایا گیا تھا جسے خاتون کی لاش منتقلی کے بعد خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے برآمد ہونے والے رکشے کو تھانہ پیرودھائی منتقل کردیا جب کہ ڈرائیور خیال محمد جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
کیس کا پس منظر
راولپنڈی میں جرگے کے حکم پر قتل کی جانے والی خاتون اور عثمان کا نکاح 12 جولائی کو مظفر آباد میں ہوا، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر مرضی سے نکاح کا بیان بھی دیا تھا جب کہ مقتولہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ پہلا شوہر اسے زبانی طلاق دے چکا ہے۔
عثمان کے والد نے بتایا کہ نکاح کے 4 دن بعد مسلح افراد نے دھمکیاں دیں پھر کہاکہ نکاح ہوگیا ہے تو لڑکی واپس کر دو ، اسے باضابطہ رخصت کريں گے، وہ لوگ لڑکی کو لے گئے ، پھر پتا چلا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔