بیجنگ :چین کے نائب صدر ہان زنگ سے بیجنگ میں پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ہے۔جمعہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق ملاقات میں ہان زنگ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھتے ہیں اور تینوں رہنماؤں نے چین پاک تعلقات کی ترقی کے لئے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی ہے۔ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کے مطابق تمام موسموں کی دوستی کو گہرا کرنے، ہمہ جہت تعاون کو وسعت دینے اور نئے عہد میں چین- پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔سید عاصم منیر نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعاون کے فروغ پر پورے پاکستانی معاشرے میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ پاکستان صدر شی جن پھنگ کی تجویز کردہ تین گلوبل انیشی ایٹوز کی حمایت کرتا ہے، چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور طویل مدتی قابل قدر حمایت پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ پاکستانی فوج دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اتفاق رائے کو نافذ کرنے اورپاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مسلسل گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔