پشاور ہائیکورٹ نے گورنر پختونخوا کو مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کیلئے نامزد کردیا


پشاور:چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق نے گورنر خیبرپختونخوا (کے پی) فیصل کریم کنڈی کو مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کے لیے نامزد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کل ہونے والے سینیٹ کے انتخابات پر غیر یقینی کے بادل چھٹنے لگے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نامزد کیے گئے ارکان سے حلف لینے کے لیے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا ہے۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا اسمبلی میں کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا تھا، مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری بھی نہیں ہوسکی تھی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 9 بجے طلب کیا گیا تھا، جو 2 گھنٹے سے زائد کی تاخیر سے شروع ہوا، مخصوص نشستوں پراراکین کی حلف برداری ایجنڈے کا حصہ تھی، اجلاس شروع ہوتے ہی رکن اسمبلی شیر علی آفریدی کی جانب سے کورم کی نشاندہی کر دی گئی، اسپیکر نے گھنٹیاں بجائیں لیکن ارکان ایوان میں نہیں آئے، جس کے بعد انہوں نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا تھا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں 25 مخصوص نشستوں کے اراکین نے آج حلف اٹھانا تھا، جن میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) اور مسلم لیگ (ن) کے 7، 7، پیپلز پارٹی کے 4، اے این پی کے 2 اور پی ٹی آئی پی کے ایک رکن کو حلف اٹھانا تھا۔
اسپیکر نے رولنگ دی کہ اسمبلی میں ارکان کی تعداد پوری نہیں ہے، اپوزیشن کے ارکان نے اسپیکر کی ڈائس کی سامنے اجلاس ملتوی کرنے پر احتجاج کیا تھا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے لیے نامزد امیدوار اسمبلی میں موجود رہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ ہم ان مخصوص نشستوں کو مان ہی نہیں رہے، اپوزیشن کو مخصوص نشستیں دینا ہمارے حق پر ڈاکہ ہے، فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے خصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری نہ ہونے پر عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو درخواست دیں گے کہ وہ خود ارکان سے حلف لیں یا کسی کو نامزد کردیں۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 6 /5 کا فارمولا برقرار ہے۔
اپوزیشن کا حلف برداری کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع
اپوزیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے درخواست رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی ابرار سعید نے بتایا تھا کہ درخواست پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کے پی اسمبلی میں منتخب اراکین سے حلف نہیں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ چیف جسٹس حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں۔

Comments (0)
Add Comment