چوہدری شجاعت حسین مفاہمت، امن اور اتفاق کی علامت ہیں، ڈاکٹر شوکت علی شیخ

برمنگھم (انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے رہنما اور چوہدری شجاعت حسین لوورز گروپ کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین ہمیشہ مفاہمت، امن اور اتفاق کی سیاست کے علمبردار رہے ہیں۔
برمنگھم کے ایک مقامی ہوٹل میں صحافیوں، پارٹی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی خدمات پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے ہر دور میں تمام اکائیوں کی نمائندگی کی بات کی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا۔
ڈاکٹر شوکت نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا منشور عوامی خدمت پر مبنی ہے۔ 2002 کی حکومت کو ملکی تاریخ کی کامیاب ترین حکومتوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں عوام کو سہولیات فراہم کی گئیں، ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اہم اصلاحات کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری شجاعت حسین کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، جس کا مقصد قومی وحدت، بھائی چارہ اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان ہے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان کی بہادر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ہائی ٹی دی گئی اور ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment