کوہستان مالی اسکینڈل: ملزم نے نیب کو دوبارہ پلی بارگین کی درخواست دیدی

کوہستان مالی اسکینڈل کے ملزم نے ایک بار پھر نیب کو پلی بارگین کی درخواست دے دی۔

ذرائع کے مطابق کوہستان کرپشن اسکینڈل کے ملزم محمد ایوب نے نیب کو 3 ارب 45 کروڑ روپےکی پلی بارگین کی درخواست دی ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق ملزم 3 قسطوں پر نیب کو رقم ادا کرنے پر تیار ہے جب کہ ملزم نے اس سے قبل کم رقم پر بارگین کی درخواست دی تھی۔

واضح رہےکہ کوہستان مالی اسکینڈل کچھ عرصے پہلے سامنے آیا تھا جس کے بعد نیب تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے تھے۔

بعد ازاں نیب نے خیبر پختونخوا کی تاریخ کے میگا کرپشن اسکینڈل کیس کو انکوائری سے باضابطہ تفتیش میں تبدیل کردیا۔

اس کیس میں اب تک مجموعی طور پر25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور ضبط کیے ہیں، نیب نے ایک ارب روپے سے زائد نقد رقم، غیر ملکی کرنسی اور 3 کلو گرام سے زیادہ سونا برآمد کیا جب کہ مختلف کمرشل بینکوں میں موجود 73 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کردیے گئے ہیں جن میں 5 ارب روپے سے زیادہ رقم موجود ہے۔

Comments (0)
Add Comment