شنگھائی تعاون تنظیم کو دنیا میں زیادہ استحکام اور مثبت توانائی ڈالنی چاہیے، چینی صدر

بیجنگ: چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم ممالک  کے وزرائے خارجہ اور مستقل اداروں کے سربراہان نے ملاقات کی جو ایس سی او رکن ریاستوں کی وزرائے خارجہ  کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں موجود ہیں.منگل کے روزاس موقع پر شی جن پھنگ نے زور دیا کہ بڑی تبدیلیوں اور افراتفری کا سامنا کرتے ہوئے، شنگھائی تعاون تنظیم کو دنیا میں زیادہ استحکام اور مثبت توانائی ڈالنی چاہیے۔ اول، تنظیم کو اپنے قیام کے اصل مقصد کو یاد رکھنا چاہیے اور شنگھائی روح کا مشعل بردار بننا چاہیے۔ تنظیم کو باہمی اعتماد اور باہمی فائدہ مند تعاون کی بنیاد پر، مساوات اور مشاورت کے تحت ، متنوع تہذیبوں کا احترام کرتے ہوئے ہم آہنگی اور جامعیت کو فروغ دینا چاہیے، اور مشترکہ ترقی کی جستجو  کرنی چاہیے تاکہ جیت۔جیت خوشحالی حاصل کی جا سکے۔ دوسرا، ہمیں عوام کی توقعات کا جواب دینا چاہیے اور تعاون کو گہرا کرنے کے لیے  عملی اقدامات کرنے چاہیں۔ ہمیں سیکیورٹی خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے میکانزم کو بہتر بنانا چاہیے، ایک مضبوط سیکیورٹی باڑ تعمیر کرنی چاہیے، اور عوام کی پُرسکون زندگی کی امنگوں کو یقینی بنانا چاہیے۔ شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ رکن ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں اور تعاون کو "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” جیسے اقدامات  کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے، اور اعلیٰ معیار اور زیادہ پائیدار ترقی حاصل کرنی چاہیے تاکہ عوام کی خوشحال اور بامعنیٰ زندگی کی توقعات کا جواب دیا جا سکے؛ لوگوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا چاہیے، بین الاقوامی تبادلوں کو فروغ دینا چاہیے، اور ایسی افرادی سرگرمیوں کا انعقاد کرنا چاہیے جو ہر ملک کی خصوصیات کی عکاسی کرتی ہوں ۔ تیسرا، ہم عہد حاضر کے مشن کو سنبھالیں گے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر  کے لیے بھر پور عزم سے  عمل درآمد کریں گے۔ ہم بالادستی اور جبر کے خلاف مضبوطی سے مزاحمت کریں گے، تاکہ عالمی کثیر قطبی نظام کو زیادہ مساوی اور منظم بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ مشترکہ مقصد اور مشترکہ کامیابی کے اصول پر قائم رہنا چاہیے، تاکہ اقتصادی عالمگیریت کو زیادہ اشتراکی بنایا جا سکے؛ گلوبل ساوتھ کو عالمی حکمرانی کے ایک زیادہ منصفانہ اور معقول نظام کے قیام کے لیے کوشش کرنی چاہیے، تاکہ بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر  کی جا سکے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے غیر ملکی وفود کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او  نے عالمی شہرت کے حامل تعاون کے نتائج حاصل کیے ہیں۔ پیچیدہ بین الاقوامی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے، ایس سی او کو بین الاقوامی نظم کی ترقی کو ایک زیادہ منصفانہ اور منطقی سمت میں فروغ دینا چاہیے۔ تمام فریق چینی صدارت کے امور کو فعال طور پر سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ تھیان جن سمٹ کے کامیاب نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment