اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین نے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر ملک بھر میں مادر ملت کی برسی کی تقریبات منعقد کیں، مرکزی تقریب مسلم لیگ ہاوس اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس کی صدارت سنیر مسلم لیگی راہنماء رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد تھے ، تقریب سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک ، صدر فیڈرل کیپٹل رضوان صادق خان، جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر، صدر گلگت بلتستان دلفراز خان، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات انیلہ ایاز چوہدری، فوزیہ ناز، تلبیہ بخاری ،نائلہ شہزاد سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ معروف سیاسی شخصیت چوہدری ناصف محمود گرو نے محترمہ فاطمہ جناح کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی ، مسز فرخ خان نے کہا کہ فاطمہ جناح جدوجہد آزادی کی عظیم رہنما تھیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے عظیم بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کا ہر محاذ پر ساتھ دیا، ان کی شخصیت پاکستانی خواتین کیلئے ہمت، کردار اور وقار کی علامت ہے۔خواتین کو اسلام نے بہت حقوق دیے ہیں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا رہ خواتین معاشرے میں تبدیلی لا سکتی ہیں ، مسز فرخ خان کا کہنا تھا کہ وہ بطور خاتون محترمہ فاطمہ جناح کو اپنی رول ماڈل سمجھتی ہیں۔مرکزی چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کا قیام پاکستان میں بہت اہم کردار ہے ،انہوں نے آزادی کے بعدپاکستان خواتین تنظیم کی بنیاد رکھی جس نے قیام پاکستان کے وقت ہندوستان سے ہجرت کرکے آنے والی خواتین کی آباد کاری میں ایک اہم کرداراداکیاڈاکٹر محمد امجد نے مزید کہا کہ اگر محترمہ کو صدر بننے دیا جاتا تو آج ملک کی صورت حال مختلف ہوتی۔