شمالی وزیرستان: پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کرنیوالے 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 30 خوارج ہلاک
بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 30 دہشتگرد مارے گئے
بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس میں 30 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
یہ دہشتگرد گروہ، جسے بھارت کی مکمل سرپرستی حاصل تھی، پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، جسے مؤثر جوابی کارروائی کے دوران جہنم واصل کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق تمام 30 دہشت گردوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کردیا گیا۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز کی اس بروقت کارروائی نے ملک کو ممکنہ بڑے سانحے سے محفوظ کرتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کا دفاع اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور تیار ہیں۔ اس حوالے سے افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے ’’غیر ملکی پراکسیز‘‘کے استعمال سے روکے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا شمالی وزیرستان میں دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جماعت فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان-افغانستان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 13 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کی دلیرانہ کارروائی کو سراہا اور کہا کہ "ملک کی حفاظت کے لئے پاکستان کی بہادر افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔ پوری قوم اپنی افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر محاذ پر ڈٹی ہوئی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

صدر مملکت کا شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنۃ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ انٹیلیجنس پر مبنی مؤثر کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قلع قمع نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور عزم کا واضح ثبوت دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فتنہ و فساد پھیلانے والے عناصر کے مکمل خاتمے تک ہماری سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کامیابیاں خوش آئند اور حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری قومی حکمت عملی اور عزم غیر متزلزل ہے۔
صدر مملکت نے قوم کو یقین دلایا کہ فتنۃ الخوارج جیسے عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی اور امن کے لیے ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ریاست اور عوام متحد ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا پاک افغان بارڈر پر کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک افغان سرحد پر بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنۂ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردِ عمل اور جرأت مندانہ حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے اور یہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور بہادری پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ قوم فتنۂ الخوارج کے خاتمے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز میں جس انداز سے سیکیورٹی ادارے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین اور لائقِ ستائش ہے۔

Comments (0)
Add Comment