مردہ حالت میں پائی گئیں اداکارہ عائشہ خان کی لاش ایک ہفتہ پرانی ہے، پولیس کا انکشاف

پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ رات مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ عائشہ خان کی لاش ایک ہفتہ پرانی ہے، جسے ان کے فلیٹ سے برآمد کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ پڑوسیوں کی شکایت کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا، سینئر اداکارہ کی لاش برآمد کرنے کے بعد ان کے اہل خانہ کو بھی آگاہ کردیا گیا، اداکارہ تنہا رہائش پذیر تھیں۔عائشہ خان کی لاش کو پہلے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کی لاش کو سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کا کہنا ہے کہ تاحال پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا، لاش سرد خانے میں موجود ہے اور پولیس اداکارہ کے بیٹے کے آنے کا انتظار کر رہی ہے۔یاد رہے کہ جمعرات کے روز عائشہ خان کی قریبی دوست تہمینہ خالد نے ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔تہمینہ خالد کے مطابق عائشہ خان پانچ روز قبل کراچی میں انتقال کر گئی تھیں۔عائشہ خان 1948 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کیا۔انہوں نے 1964 میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا، وہ معروف اداکارہ خالدہ ریاست(مرحومہ)کی بڑی بہن تھیں۔ان کے مشہور ڈراموں میں مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے، تیری رضا، میری گڑیا، افشاں، عروسہ، فیملی 93، نقاب زن، مہندی اور دیگر کئی مقبول پی ٹی وی ڈرامے شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment