کراچی:پاکستان اوور 40 عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا، بھارت نے شرکت کی تصدیق کردی۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے لیے باضابطہ طور پر الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے، عالمی کپ یکم سے 13 دسمبر تک کراچی میں منعقد ہوگا۔
فواد اعجاز خان کے مطابق پہلی بار ٹی 20 فارمیٹ پر ہونے والے ایونٹ میں اب تک سولہ ممالک نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، امریکہ، کینیڈا، زمبابوے، انگلینڈ، ویلز، سعودی عرب، بنگلہ دیش، نیپال اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
تاہم انگلینڈ اور ویلز سے حتمی جوابات کا انتظار ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت ان کی حکومت سے این او سی ملنے سے مشروط ہے، ایونٹ کی تیاری زور و شور کے ساتھ جاری ہے۔
شاہد آفریدی، یونس خان، محمد حفیظ، شعیب ملک، اور کامران اکمل جیسے بڑے نام بھی میدان میں نظر آئیں گے، پاکستان کی ویٹرنز کرکٹ میں کامیابیاں قابلِ فخر ہیں۔
پاکستان اوور 60 ٹیم نے ستمبر 2022 میں آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ہونے والا پہلا اوور 60 ورلڈ کپ جیتا تھا، پاکستان اوور 40 ٹیم نے ستمبر 2023 میں کراچی میں ہونے والا اوور 40 گلوبل کپ جیتا جبکہ پاکستان اوور 50 ٹیم نے فروری 2025 میں کولمبو میں اوور 50 ورلڈ کپ جیتا تھا۔