کرکٹ کا نیا مرکز: گوجرخان میں نوجوانوں کے لیے مفت تربیتی اکیڈمی کا آغاز

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر) — نوجوانوں میں کرکٹ کے فروغ اور مفت تربیت کی فراہمی کے مقصد سے قائم ہونے والی سکلز کرکٹ اکیڈمی، گوجرخان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالنے کے لیے پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلرز شعیب اختر اور سہیل تنویر سے اہم ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں چیئرمین اکیڈمی راجہ ہارون حفیظ اور چیئرمین اوورسیز کمیونٹی سید شجر عباس نے شرکت کی۔

اس ملاقات کے دوران اسٹار کرکٹرز کو اکیڈمی کے وژن، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فری کوچنگ اسکیمز اور پیشہ ورانہ ٹریننگ پروگرامز سے آگاہ کیا گیا۔ شعیب اختر اور سہیل تنویر نے سکلز اکیڈمی کے قیام کو ایک انقلابی اور قابلِ تعریف قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور قومی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اکیڈمی کے وژن کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ نہ صرف اس منصوبے کی حمایت کریں گے بلکہ نوجوان کرکٹرز کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ سکلز کرکٹ اکیڈمی، گوجرخان کا بنیادی مقصد علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ یہ ادارہ نہ صرف کرکٹ بلکہ نوجوان نسل کی مثبت تعمیر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

Comments (0)
Add Comment