پہلگام واقعہ کے بعد جہاں انتہا پسند بھارتی حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کررہی ہے وہیں جھوٹا پروپیگنڈا بھی پھیلا رہی ہے تاکہ پاکستانیوں کا مورال پست کیا جاسکے۔
اپنی فوجی ناکامی کو چُھپانے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بعد بیانات سے بچنے کیلئے بھارت نے گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور اسٹار بیٹر بابراعظم کے انسٹا گرام اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے تھے۔
تاہم اسکے محض کچھ گھنٹوں بعد پاکستان کے اسٹار بلے باز بابراعظم کی جھوٹی انسٹاگرام اسٹوری کی جعلی تصاویر گردش کرنے لگیں جس میں پہلگام واقعہ پر پاک فوج کی مذمت کی گئی تھی۔
اس جعلی پوسٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ "پہلگام واقعہ میں پاکستانی فورسز کا کردار نامناسب ہے، میں بطور کرکٹر ہندوستان میں کھیلنا پسند کرتا ہوں اور اُسے دوسرا گھر سمجھتا ہوں، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت میں میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کردیا گیا تھا، میں یہ بالکل واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پہلگام حملے میں کرکٹرز ملوث نہیں”۔
بابراعظم کے نام یہ جعلی انسٹاگرام پوسٹ تیزی سے وائرل ہوئی جس کے اسکرین شارٹس کئی میڈیا اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیے تاہم یہ خبر جھوٹی نکلی۔
بھارت میدانِ جنگ میں پاکستان کی مسلح فورسز کی صلاحیتوں کا جواب دینے سے قاصر ہونے کے باعث سوشل میڈیا اور مغرب کے آلہ کاروں کیساتھ ملکر پاکستانیوں کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
قبل ازیں بھارت نے سابق کپتان راشد لطیف، شاہد آفریدی، اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی تھی جبکہ وسیم اکرم، شان مسعود، حسن علی، نسیم شاہ، امام الحق اور شاداب خان کے انسٹاگرام پیج تک رسائی بھی ناممکن بنادی گئی ہے۔