وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ روانہ ہوگئے
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ روانہ ہو گئے۔
دورے کے دوران وزیراعظم صدر اردوان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان اور ترکیہ دیرینہ اتحادی اور تزویراتی شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی اعلیٰ سطحی تبادلوں کی روایت سے ہوتی ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان اور ترکیہ نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے قیام کے ذریعے قیادت کی سطح پر باقاعدہ تعاون کا نظام وضع کیا ہے۔
HLSCC کا ساتواں اجلاس 12-13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کی تھی۔
وزیراعظم کا موجودہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کے تسلسل اور کثیر جہتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔