بیجنگ :اطلاعات کے مطابق روس اور امریکہ کے وفود نے یوکرین کے معاملے پر ممکنہ مذاکرات کی تیاری کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک اجلاس منعقد کیا جب کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی کئی یورپی ممالک کے رہنماؤں نے یوکرین کی صورتحال اور یورپی اجتماعی سلامتی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے 18 فروری کو یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یوکرین بحران کے حوالے سے چین کا ہمیشہ سے یہ ماننا رہا ہے کہ مذاکرات ہی بحران سے نکلنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے اور چین نے ہمیشہ امن مذاکرات کو فروغ دیا ہے ۔چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ،امریکہ اور روس کے درمیان امن مذاکرات پراتفاق رائے سمیت امن کے لیے تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور امن مذاکرات میں تمام فریقین اور اسٹیک ہولڈرز کی شرکت کا منتظر ہے۔