آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ کبھی ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے،
طلباء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوانوں سے گفتگو میرے لئے انتہائی خوشی کی بات ہے، جب تک قوم خصوصاً نوجوان ساتھ کھڑے ہیں پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، ہم کامریڈ کی طرح لڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے پاکستانیت سب سے اہم ہے، ہم فتنہ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہے ہیں، یہ عناصر اسلام کی غلط تشریح کر رہے ہیں، پاک آرمی آج بھی روزانہ کی بنیاد پر فتنہ الخوارج سے لڑ رہی ہے، یہ خوارج ہیں اور دین سے نکلے ہوئے ہیں، خارجی عناصر اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے، ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، فسادیوں کے بارے میں اسلام کے احکامات بہت واضح ہیں، خیبرپختونخوا اوربلوچستان کے غیور عوام دہشتگردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ریاست کے سامنے سرنڈر کرنے والے رحم کی توقع کر سکتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو خصوصی حقوق دیئے ہیں، اسلام نے ہر حیثیت میں عورت کو حقوق دیئے ہیں، خارجیوں کو یہ کس نے اختیار دیا کہ وہ خواتین سے حقوق چھین لیں؟ اسلام کے دیئے ہوئے حقوق کو کوئی نہیں چھین سکتا، گمراہ گروہ کو ملک پر اپنے نظریات مسلط نہیں کرنے دیں گے۔