لاہور:دلوں کو چھو جانے والے کلام سے نوجوان نسل کو متوجہ کرنے والے شاعر منیر نیازی کو بچھڑے 18برس بیت گئے۔منفرد اسلوب کے باکمال شاعر منیر نیازی بھارتی شہر ہوشیارپور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ادبی زندگی کا آغاز اخبار کی ادارت سنبھال کر کیا۔منیر نیازی نے متعدد فلمی گیت بھی تحریر کیے جو اپنے دور کے ہٹ گیت ثابت ہوئے اور ان کی لکھی ہوئی غزلیں جب دھنوں پر پیش کی جاتیں تو سننے والے سحر زدہ رہ جاتے۔ان کے مجموعوں میں بے وفا کا شہر، تیز ہوا اور تنہا پھول، جنگل میں دھنک، دشمنوں کے درمیان شام، سفید دن کی ہوا اور کلیات منیر شامل ہے۔یاد ماضی کو زندہ رکھنے والے منفرد لب و لہجے کے شاعر منیر نیازی 26 دسمبر 2006 کو دنیا سے رخصت ہوگئے تھے مگر شاعری میں ان کا نام اور مقام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔