اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بڑی ہمشیرہ روبینہ خان کا کہنا ہے کہ جیل میں قید ان کے بھائی کو کیا پڑی تھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بننے کی وہ تو زلفی بخاری نے شوشا چھوڑ کر انہیں اس معاملے میں پھنسا دیا۔
روبینہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں کہا کہ ’عمران خان جیل میں ہیں، ان کو کیا شوق پڑا ہے آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر بننے کا۔ یہ زلفی بخاری نے اپنی ذاتی تشہیر کے لیے شوشہ چھوڑا‘۔
ہمشیرہ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں (زلفی بخاری) نے آج تک کوئی ایسا کام نہیں کیا اور نہ ہی کوئی پڑھے لکھے انسان ہیں اسی لیے انہیں اس بات کا شوق چرایا کیوں کہ وہ سمجھتے ہوں گے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا کوئی بہت بڑی بات ہے۔