190ملین پاونڈ ریفرنس: تفتیشی افسر پر چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہوسکی، سماعت 21 اگست تک ملتوی


راولپنڈی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت، تفتیشی افسر عمر ندیم کے بیان پر چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہو سکی۔ وکلا صفائی نے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر اڈیالہ جیل مین سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں لایا گیا۔ وکلا صفائی سلمان صفدر، ظہیر عباس اور عثمان گل پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں نیب ٹیم پیش ہوئی۔
وکلا صفائی نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نیب بورڈ میٹینگ کے منٹس کی کاپی کی فراہمی سے متعلق ہماری درخواست ہائیکورٹ اسلام آباد میں زیرسماعت ہے، آج کی سماعت ملتوی کی جائے۔
تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر عمر ندیم کے بیان پر چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہوسکی۔ عدالت نے سماعت 21 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ریفرنس میں اب تک 35 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 34 پر جرح مکمل ہوچکی ہے۔

Comments (0)
Add Comment