وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صنم جاوید کے پی ہاؤس منتقل

اسلام آباد: بلوچستان میں درج ایک مقدمہ میں مطلوب تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس منتقل ہوگئی ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے ترجمان یارمحمد نیازی نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پرپی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید کے پی ہاؤس منتقل ہوگئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق صنم جاوید کی فیملی بھی ان کے ہمراہ دارالحکومت کے ریڈ زون مین واقع کے پی ہاؤس میں مقیم رہے گی، ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین بھی صنم جاوید کے والد اور شوہر کے ساتھ رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کیخلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے 10 جولائی کو صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ ہفتہ کے روز صنم جاوید کو گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ان کی رہائی کی روبکار جاری ہوگئی تھی۔

صنم جاوید کو 10 مئی 2023 کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا۔ گزشتہ اتوار وہ 14 ماہ 4 دن قید میں رہنے کے بعد رہا ہوئی تھیں لیکن اسلام آباد پولیس نے انہیں کچھ ہی دیر بعد پھر گرفتار کرلیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment