ارجنٹینا 16ویں مرتبہ کوپا امریکا کپ کا فاتح بن گیا

فٹبال ورلڈکپ 2022 جیتنے کے بعد ارجنٹینا کوپا امریکا کا بھی فاتح بن گیا، ارجنٹینا نے یہ اعزاز 16 ویں بار اپنے نام کیا ہے۔ امریکی ریاست میامی کے ہارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے کوپا امریکا کے فائنل میچ میں ارجنٹینا نے کولمبیا کو ایک صفر سے شکست دی۔

میچ کے سیکنڈ ہاف میں 37 سالہ سپر اسٹار کپتان لیونل میسی زخمی ہوگئے جس کے بعد ان کے ساتھیوں نے میچ سنبھالا اور آگے بڑھے۔ اس اہم موقع پر ٹیم کے ساتھ نہ کھیلنے پر میسی بینچ پر بیٹھے روتے بھی رہے۔مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں اور میچ ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا جس میں دونوں ٹیم کے کھلاڑی اس وقت کافی تھکان کا شکار نظر آئے جس کا فائدہ متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے لوٹارو مارٹینیز نے اٹھایا، انہوں نے ایکسٹرا ٹائم کے 112ویں منٹ میں گول اسکور کردیا جو ارجنٹینا کی فتح کی بنیاد بنا۔

اس جیت کے بعد ارجنٹائن وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے لگاتار 2 کوپا امریکا اور ان کے درمیان ورلڈ کپ جیتا ہے۔ اس سے قبل یوراگوئے نے کوپا امریکا فٹ بال کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

میسی ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، وہ 9 بار بین الاقوامی فائنلز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کولمبیا کے جیمز روڈریگوئز کو قرار دیا گیا جبکہ بہترین گول کیپر ارجنٹینا کے ایمی مارٹینیز قرار پائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 کے کوپا امریکا فائنل میں برازیل کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، اس کے بعد 2022 کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں فرانس کو شکست دی اور اب کوپا امریکا 2024 جیت کر میسی نے اپنے کریئر میں ایک اور بین الاقوامی ٹرافی کا اضافہ کرلیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment