اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان و بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جناح ہاؤس حملے سمیت لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورپولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل پہنچ کر باضابط گرفتاری ڈالی، اب ان سے ریاست کے خلاف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو لاہور منتقل کرنے کی استدعا کی ہے۔ تام عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے لاہورکی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔
پولیس ذرائع نے مزید کہاکہ جناح ہاؤس حملے سےمتعلق تفتیش کےلیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 4 میں انہوں نے ضمانت کروا رکھی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کی ٹیم نے توشہ خانہ کے نئے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری عمل میں لائی تھی اور آج عدالت نے دونوں کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے