پاکستان ادارہ شماریات 21 اکتوبر سے پہلے ڈیٹا فیسٹ 2024ء کا انعقاد کرے گا
اسلام آباد:پاکستان ادارہ شماریات 21 سے 22 اکتوبر تک پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں پہلے ڈیٹا فیسٹ 2024ء کا انعقاد کرے گا۔ ڈیٹا فیسٹ کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے جمعہ کو سینئر صحافیوں (اینکرز/ تجزیہ کاروں) کے ساتھ ایک جامع میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈیٹا فیسٹ کا مقصد جدت ، تعاون اور قابل اعتماد اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ دینا ہے اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے ڈیٹا پروڈیوسرز اور صارفین کو اکٹھا کیا جائے گا۔
ڈیٹا فیسٹ اعدادوشمارکے تبادلےاور جدید طرز پر اعداد وشمار سے آگہی کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا ۔ ڈیٹا فیسٹ2024 اعدادو شمار پر مبنی پاکستان کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں جدید ڈیٹا مصنوعات اور خدمات کی نمائش کرنے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو سہولت فراہم کرنے اور اور اعدادو شمار سے آگہی میں اضافہ کرنے کے لئے ماہرین، پالیسی سازوں اور شراکت داروں کو اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
سیشن کا بنیادی مقصد پہلی دفعہ منعقد کئے جانے والے ڈیٹا فیسٹ کے مقاصد اور عوامل کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ تعاون کے لئے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اس سیشن میں معروف میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اجلاس کا مقصد قومی ترقی کے لئے اعداد و شمار سے استفادہ کرنا اور ڈیٹا فیسٹ کی کوریج اور مقاصد کو نشر کرنے میں میڈیا کا تعاون حاصل کرنا ہے۔ پاکستان ادارۂ شماریات نے میڈیا کو ڈیٹا فیسٹ 2024 کی کوریج کے لئے شراکت داروں کے طور پر شامل ہونے کی دعوت دی ۔
اس سے اہم پینل مباحثوں کی براہ راست سٹریمنگ ، مقررین اور پینلسٹس تک خصوصی رسائی ، صنعت کے ماہرین کے ساتھ ترجیحی انٹرویوزاور ڈیٹا فیسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شناخت میں مدد ملے گی۔ چیف شماریات نے ممبر (سپورٹ سروسز/ریسورس مینجمنٹ اور ترجمان پاکستان ادارہ شماریات) کے ہمراہ میڈیا اہلکاروں کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستان ادارہ شماریات کے چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر (ستارۂ امتیاز )نے ڈیٹا فیسٹ 2024 کے اغراض ومقاصد پیش کئے۔ محمد سرور گوندل(ستارۂ امتیاز) ، (ممبر ایس ایس / آر ایم اور ترجمان پاکستان ادارہ شماریات )نے تمام سینئر میڈیا پرسنز کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان ادارہ شماریات کے پاس دستیاب ڈیٹا سیٹ اور (Storytelling) کے ذریعہ بامعنی منصوبہ بندی پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی تاکہ عوام اس پیغام کو آسانی کے ساتھ سمجھ سکیں۔
انہوں نے ڈیٹا فیسٹ کے موضوعاتی شعبوں یعنی زندگی اور مساوات کے لئے ڈیٹا، گورننس اور ترقی کے لئے ڈیٹا، مالیاتی منصوبہ بندی ،آب و ہوا کی تبدیلی اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے لئے ڈیٹا اور ترقی کے لئے ڈیٹا انضمام اور ویژولائزیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا فیسٹ 2024 کی اہم خصوصیات میں موضوعاتی شعبوں پر معروف قومی اور بین الاقوامی ماہرین کےاہم خطابات، جدید موضوعات پر پینل مباحثے، جدید ڈیٹا مصنوعات اور خدمات کی نمائش، عالمی اور قومی شراکت داروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے مواقع شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے شماریات ڈویژن، معروف مشیر اسٹاٹا شماریاتی کمیٹی جمہوریہ آذربائیجان، مالدیپ بیورو آف اسٹیٹسٹکس، نیپال ادارہ شماریات، قومی مرکز برائے شماریات اور اطلاعات عمان، آسٹریلیا اور قطر کے سکالرز نے بھی شرکت کی تصدیق کی ہے۔
محمد سرور گوندل (ستارۂ امتیاز)، ممبر (ایس ایس / آر ایم اور ترجمان پاکستان ادارہ شماریات) نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا فیسٹ 2024 کا مقصد پیشہ ور افراد ، محققین اور ماہرین تعلیم کو مربوط کرتے ہوئے فیصلہ سازی اور جدت طرازی کو چلانے کے لئے ڈیٹا کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔ فیسٹیول شراکت داری اور اعداد و شمار پر مبنی پالیسی سازی اور بہتر مستقبل اور اچھی گورننس کے لئے باخبر فیصلہ سازی میں مددگار ثابت ہو گا۔