مشرقی ایشیاء سربراہی اجلاس نے خطے میں تیز رفتار ترقی کو فروغ دیا ہے، چینی وزیر اعظم
بیجنگ (چائنہ ڈیسک) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں منعقدہ 20 ویں مشرقی ایشیاء سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔منگل کے روز چینی میڈیا کے مطابقلی چھیانگ نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں اس سمٹ نے مجموعی طور پر تعمیری کردار ادا کیا ہے اور خطے میں استحکام اور تیز رفتار ترقی کو فروغ دیا ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو مشرقی ایشیاء سمٹ کے بنیادی مقاصد سے انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔لی چھیانگ نے نشاندہی کی کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر گلوبل گورننس انیشی ایٹو پر فعال اقدامات کرنے اور علاقائی امن اور ترقی میں مزید مثبت توانائی پیدا کرنے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کے لیے تیار ہے۔اس میں پہلی بات یہ کہ وسیع اتفاق رائے کو برقرار رکھنا چاہِئے۔ باہمی احترام، مساوی سلوک اور انصاف جیسے اصول بین الاقوامی تعلقات کی اہم بنیاد ہیں۔ معاشی عالمگیریت اور دنیا کی کثیر القطبی ساخت ناگزیر ہے۔ ہمیں ان بنیادی تصورات پر عمل کرنا چاہیے جو تمام انسانیت کی مشترکہ اقدار اور تاریخی ترقی کے رجحان کے عین مطابق ہیں۔ دوسرا، نمایاں مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ ہمیں آزاد تجارتی نظام کے تحفظ کو مزید مضبوطی سے برقرار رکھنا چاہیے، تاکہ علاقائی یکجہتی کو مؤثر اور مضبوط طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔ ہمیں عوامی بہبود میں اضافہ کے حوالے سے مسلسل مزید مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، تاکہ جامع اور ہمہ گیر ترقی حاصل کی جا سکے۔ تیسرا، قوانین کے نظام میں اصلاحات اور بہتری لانا ہے۔ ہمیں اجتماعی طور پر قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے، خاص طور پر اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مبنی بین الاقوامی نظام کی حفاظت کرنی چاہیے اور علاقائی ڈھانچے میں آسیان کی مرکزی حیثیت کی حمایت کرنی چاہیے۔ ہمیں زیادہ منصفانہ اور معقول عالمی نظام حکمرانی کی تشکیل کے لیے فعال طور پر کوشش کرنی چاہیے۔اجلاس میں "مشرقی ایشیاء سمٹ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر کوالالمپور اعلامیہ” اور "مشرقی ایشیاء سمٹ کی جانب سے آفات کی تیاری اور ردعمل کے لیے مقامی سطح پر روک تھام کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے سے متعلق رہنماؤں کا بیان ” منظور کیا گیا۔