چین نے ایس سی او کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے،چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی
اسلام آباد : چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چائنا میڈیا گروپ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی تنظیم کی حیثیت سے رکن ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی اور باہمی رابطے کو بھی فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ایس سی او کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔خلیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 6 سے بڑھ کر 10 ہو گئی ہے اور حالیہ عرصے میں مزید ممالک نے اس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو اس تنظیم کی مقبولیت اور مستقبل کی ممکنہ قوت پر اعتماد کا ووٹ ہے۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ چین نے ایس سی او کے موجودہ صدر کی حیثیت سے متعدد عملی اقدامات کی بدولت تنظیم کی ترقی کی قیادت کی ہے ۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت میں اضافہ جاری رہے گا اور یہ کثیرالجہتی ، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ خوشحالی میں رہنما بنے گی۔