حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، موت کی وجہ کیا بنی؟

0

معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغرکا جناح اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک موت کی وجہ محفوظ کرلی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزری تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل ایریا میں رہائشی عمارت کی چوتھی منزل پرواقع فلیٹ سے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغرکی کئی روز پرانی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
رات گئے معروف ماڈل و اداکارہ کا جناح اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا جس کے بعد معروف ماڈل و ادارہ کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاش بہت ذیادہ گل چکی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک موت کی وجہ محفوظ کرلی گئی ہے۔
پولیس کو حمیرا اصغر کے 2 موبائل فونز ملے ہیں جن سے ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں حمیرا اصغرنے اپنے موبائل فون سے آخری کال اکتوبر2024 میں کی تھی اس کے بعد سے ان کے موبائل فون سے کوئی کال نہیں کی گئی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ممکن ہو کہ حمیرا تیسرا موبائل فون بھی استعمال کرتی ہوں اوریہ بھی ممکن ہو سکتا ہے کہ وہ اس تیسرے موبائل سے کسی سے رابطے میں ہو، واقعے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا۔ ماہرین کی رائے اور رپورٹس آنے کے بعد کیس کی سمت کا تعین ہوسکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حمیرا جس فلیٹ میں رہائش پذیر تھی اس فلیٹ کی مکمل سرچنگ نہیں کی گئی ہے عدالتی بیلف کا کہنا تھا کہ پہلے واقعے سے متعلق عدالت میں رپورٹ پیش کردے اس کے بعد کل فلیٹ کو ڈی سیل کرکے دوبارہ مکمل سرچنگ کی جائے گی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم میں مشکوک چیزسامنے آنے پرکوشش کی جائے گی کہ مقدمہ اہلخانہ کی مدعیت میں درج ہو۔ اداکارہ کے والد کراچی آنے اور لاش وصول کرنے سے انکار کر چکے ہیں تاہم کوشش کی جارہی ہے کہ وہ آجائیں لیکن اگر اہلخانہ نے انکارکیا تو پولیس سرکاری مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ شوبزانڈسٹری اور حیمرا کی کسی دوست نے بھی پولیس سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا، پڑوسیوں نے بھی حمیرا کو آخری مرتبہ آتے جاتے نہیں دیکھا سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کی گئی ہیں لیکن پولیس کو کوئی ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں ملی جس میں انہیں آتے جاتے دیکھا گیا ہو یا پھر کسی کو ان کے فلیٹ میں آتے دیکھا گیا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے اورتفتیش میں کوئی بھی پیش رفت سامنے آتی ہے تواس کا آگاہ کیا جائے گا۔
ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی موت، والد نے لاش لینے سے انکارکردیا
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی انتہائی مسخ شدہ لاش برآمد ہونے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ لاش گذری تھانے کی حدود میں واقع ایک رہائشی فلیٹ سے ملی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو قبضے میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق اداکارہ کی لاش نہایت خراب حالت میں تھی، جسمانی اعضاء بری طرح گل سڑ چکے تھے اور چہرہ پہچاننے کے قابل نہ رہا۔ پوسٹ مارٹم کے دوران لاش سے کیمیکل سیمپل حاصل کیے گئے ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ حتمی وجہ موت کا اعلان فارنزک رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔اداکارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تمام ممکنہ پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی کے مطابق متوفیہ اداکارہ کے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں۔ حمیرا اصغر کے والد سے بات ہوئی ہے تاہم انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا ہے۔ والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے اداکارہ کے بھائی کا نمبر حاصل کیا ہے اور اس سے رابطے کی کوششیں جاری ہیں۔اداکارہ حمیرا اصغر کا تعلق شوبز انڈسٹری سے تھا اور وہ مختلف ماڈلنگ و ڈراما پروجیکٹس میں کام کر چکی تھیں۔ ان کی تنہا موت، لاش کی افسوسناک حالت اور ورثاء کی بےرُخی نے واقعے کو مزید پراسرار بنا دیا ہے، جس کی تفصیلات تفتیش مکمل ہونے پر ہی سامنے آئیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.