عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس پر پشاور ہائی کورٹ کا حکم امتناع الیکشن کمیشن میں پیش
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف نااہلی نااہلی ریفرنس پر پشاور ہائی کورٹ کا حکم امتناع الیکشن کمیشن میں پیش کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمر ایوب کے خلاف نااہلی ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران اپوزیشن لیڈر کے وکیل نے اسپیکر کے ریفرنس پر پشاورہائیکورٹ کا حکم امتناع پیش کر دیا۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پشاور ہائیکورٹ کا حکم امتناع وکیل نے پڑھ کر سنایا تو ممبر خیبرپختونخوا نے نشاندہی کی پشاور ہائیکورٹ نے اسٹے آرڈر میں نئی تاریخ نہیں دی ۔ الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ کہا کہ اسپیکر کے ارسال کردہ ریفرنس کامقررہ وقت میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے ۔ چیف جسٹس اور متعلقہ جج سے رجوع کر کے صورتحال سے آگاہ کریں ۔
الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنس پرسماعت پندرہ جولائی تک ملتوی کر دی ۔ اور اثاثہ جات کیس میں قائد حزب اختلاف کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ عمر ایوب پر گوشواروں اور ریٹرننگ افسر کو دی گئی تفصیلات میں تضاد کا الزام ہے۔