ایوان بالا میں تناؤ: سینیٹر دینش کمار کا چیئرمین سینیٹ کو ایک اور خط، مشیروں کی تفصیلات فوری طلب
اسلام آباد: ایوان بالا میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر دینش کمار کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ سینیٹر دینش کمار نے چیئرمین سینیٹ کو ایک اور خط ارسال کر دیا ہے جس میں مشیروں کی تعیناتی، تعداد اور کردار سے متعلق تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں سینیٹر دینش کمار نے کہا ہے کہ انہوں نے سینیٹ سے بعض اہم معلومات طلب کی تھیں جو تاحال مہیا نہیں کی گئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایوان بالا میں تعینات مشیروں کی مکمل فہرست، ان کی تعداد اور تقرری کے طریقہ کار سے متعلق معلومات جلد فراہم کی جائیں۔
سینیٹر دینش کمار کا دعویٰ ہے کہ سینیٹ میں مشیر ہی یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ بیرون ملک پارلیمانی وفود میں کن ارکان کو شامل کیا جائے اور کنہیں نہیں، جو شفافیت کے تقاضوں کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹر دینش کمار نے چیئرمین سینیٹ کو پہلا خط 30 مئی کو لکھا تھا جس میں سرکاری دوروں اور مشیروں سے متعلق معلومات طلب کی گئی تھیں۔ تاہم، جواب نہ ملنے پر اب انہوں نے دوبارہ رابطہ کیا ہے، جس سے ایوان بالا میں مشیروں کے کردار پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔