پاکستان کا زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے والے جدید میزائل کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی :پاکستان نے زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے والے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی پہلوؤں کی جانچ تھی، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلو میٹر ہے اور میزائل جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کمانڈر آرمی اسٹرٹیجک فورسز نے تربیتی لانچ کا مظاہرہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربے پر انجینئرز اور سائنسدانو ں کو مبارکباد دی، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیرز کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کی اسٹرٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔
جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا االزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے، اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
امریکی وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ملکوں پر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے، تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی رکھے ہوئے ہے۔