چین میں سست رفتار ٹرین کی خاصیت کیا ہے؟
تحریر: اعتصام الحق ثاقب
سفر میں خواہش ہوتی ہے کہ راستہ جلدی کٹے۔لیکن کیا آپ کسی ایسی ٹرین میں سفر کرنا چاہیں گے جو سست چلتی ہو؟ چین میں ایک ٹرین ایسی بھی ہے جس کا سست چلنا ہی اس کی خاصیت ہے ۔
شمال مغربی چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے میں ایک منفرد ریل سروس مسافروں کو سست رفتار سفر کی تفریح کا ایک بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔ٹرین نمبر 7557 ہر روز سینکڑوں مسافروں کو سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کے دارالحکومت ارومچی سے جنوبی سنکیانگ کے ہوتان پریفیکچر تک اس خطے کے 22 شہروں اور کاؤنٹیوں کو جوڑتی ہوئی لے جاتی ہے۔چین کی بلٹ ٹرین کی بات کی جائے تو اس کی رفتار کی حد اب 400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی جانب ہے لیکن سنکیانگ میں یہ سست ٹرین اوسطاً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم رفتار سے چلتی ہے۔

اس پورے سفر میں 1960 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جاتا ہے اور یہ سفر 32 گھنٹوں پر محیط ہے۔
یہ سست ٹرین سروس 2011 میں شروع کی گئی تھی اور جلد ہی اس نے مقبولیت حاصل کی.اس ٹرین کا کرایہ 4 یوآن سے 361 یوآن تک ہے ، جس میں کچھ حصے بس یا کار کے متبادل کے مقابلے میں نمایاں طور پر سستے ہیں۔ تاہم ، سست روی اس ٹرین سروس کی واحد منفرد خصوصیت نہیں ہے۔ تیز رفتار ٹرینوں کے بر عکس جہاں کسی خاص مہک کا احساس نہیں ہوتا ٹرین نمبر 7557 مسافروں کو ایک انوکھی مہک سے متعارف کراتی ہے کیونکہ پھل ، پھول ، دہی اور کباب جیسی مقامی مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں کی نقل و حرکت دوران سفر ایک معمول ہے۔ یوں کہیں کہ یہ دوکاندار کچھ کچھ وقت کے لئے مسافروں کے ساتھ ہی سفر کرتے ہیں تو غلط نہ ہو گا۔
کچھ لوگ اس ٹرین سروس کو "موبائل بازار” بھی کہتے ہیں ۔ سنکیانگ میں وافر مقدار میں دھوپ اور دن کے درجہ حرارت میں نمایاں تغیرات پٌائے جاتے ہیں جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ خطہ پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کے لئے سازگار حالات رکھتا ہے۔ یہاں کی مقامی پیداوار جیسے خوبانی، انگور، خربوزے، سیب، خوشبودار ناشپاتی، انار، انجیر اور مرچیں دنیا بھر میں مشہور ہیں ۔یہ تمام پیداوار ٹرین سروس پر بھی فروخت ہوتی ہیں. یہ تازہ مصنوعات نہ صرف ٹرین میں سفر کرنے والوں کے لئے سہولت پیدا کرتی ہیں بلکہ ریلوے ٹریک کے کنارے رہنے والے کسانوں کے لئے غربت سے باہر نکلنے کا راستہ بھی بناتی ہیں۔
2021 کے بعد سے ، ٹرین سروس نے مخصوص بوگیوں کا تعین کیا ہے اور مقامی رہائشیوں کو ان کی زرعی مصنوعات کی فروخت میں مدد کے لئے باقاعدگی سے موبائل بازار شروع کیے ہیں۔ موسم گرما اور موسم خزاں میں ،مقامی لوگ مسافروں کو گھریلو پھل، سبزیاں اور دیگر مقامی مصنوعات فروخت کرتے ہیں۔ 180 سے زیادہ رجسٹرڈ کسان گھرانوں نے ٹرین میں اپنی مصنوعات فروخت کرکے پیسہ کمایا ہے۔ بڑے شہروں کی ٹرینوں کے مقابلے میں ٹرین نمبر 7557 کا ماحول قدرے مصروف ہے جہاں دکانداروں کی آوازیں اور موبائل ادائیگیوں کی گونج مسلسل سنائی دیتی ہے۔ کچھ دکاندار لائیو اسٹریم کے ذریعے بھی اپنی مصنوعات فروخت کرتے ہیں ، جس سے ٹرین ای کامرس کے پلیٹ فارم میں بھی تبدیل ہو جاتی ہے ۔ دوران سفر مسافر سنکیانگ کے منفرد موسیقی کے آلات اور دستکاری بھی خرید سکتے ہیں ، اور دکانداروں کی پرفارمنس بھی بعض اوقات ماحول کو خوشگوار بنا دیتی ہے ۔ٹرین حکام کے مطابق جنوبی سنکیانگ کے بہت سے کسانوں کو اُن کی مدد کی ضرورت ہے، اسی باعث یہ سوچا گیا کہ کیوں نہ سست ٹرین میں ان کی زرعی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد کی جائے۔بعدازاں اس منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی اور ساتھ ہی تعاون بھی کیا گیا ۔
چین میں گزشتہ جشن بہار کی تعطیلات کے دوران مقامی فنکاروں کو خصوصی طور پر موبائل ٹرین بازار میں پرفارم کرنے کی دعوت دی گئی جس سے ایک شاندار جشن کا ماحول بنا ۔ روایتی قومیتی لباس میں ملبوس فنکار ون نے ٹرین کی نشستوں کے درمیان رقص کیا ۔ٹرین مسافروں کے نزدیک انہیں یہ موبائل بازار بہت پسند ہے جبکہ مقامی کسانوں کے مطابق ٹرین میں ملک بھر سے اور مختلف قومیتی گروہوں سے تعلق رکھنے والے مسافر موجود رہتے ہیں۔ اس بازار کے ذریعے، اُن کی زرعی مصنوعات کو ملک بھر میں فروخت کیا جا سکتا ہے ۔ ہر موبائل بازار میں،ٹرین عملہ کسانوں کو ان کی مصنوعات فروخت کرنے میں مدد کرتا ہے۔ جشن بہار کی تعطیلات کے دوران موبائل بازاروں میں عام طور پر کسانوں کی لائی گئی تمام مصنوعات دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت ہو ئیں ۔ مصنوعات کی فروخت کے بعد ٹرین عملہ بھی بعض اوقات کسانوں کے ساتھ جشن منانے کے لیے ان کے ساتھ رقص میں شامل ہوجاتا ہے۔
مسافروں کے لئے، سست ٹرین سروس محض نقل و حمل کے ایک ذریعہ سے کہیں بڑھ کر ہے. یہ مقامی لوگوں کے لئے ایک اقتصادی لائف لائن اور سیاحوں کے لئے ایک ثقافتی مرکز ہے، اور اندرونی علاقوں کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والا ایک اہم لنک ہے..