افغانستان، کابل میں بم دھماکے کے باعث چینی شہری جاں بحق
کابل :چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک چینی ریسٹورنٹ کے باہر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں پانچ چینی شہری بھی شامل ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ چین جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت نے افغانستان کے ساتھ فوری رابطہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے، افغانستان میں موجود چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت اور مخالفت کرتا ہے اور افغانستان سمیت علاقائی ممالک کی جانب سے دہشت گرد اور پرتشدد سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔