امریکی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر شدید عالمی عدم اطمینان ، چینی میڈیا
بیجنگ:موجودہ امریکی حکومت کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر سی جی ٹی این کی جانب سے کرائے گئے متعدد عالمی عوامی سروے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر کے جواب دہندگان امریکی حکومت کی داخلی و خارجی پالیسیوں کی کارکردگی سے شدید طور پر نالاں ہیں، جبکہ مختلف شعبوں میں اطمینان کی شرح میں ایک سال کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بالخصوص نئے سال کے آغاز پر امریکہ کی جانب سے اختیار کیے گئے یکطرفہ اور دباؤ پر مبنی اقدامات نے امریکی قومی تشخص کو سخت نقصان پہنچایا اور عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کیے۔سی جی ٹی این نے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کے درمیان ایک عوامی رائے شماری کی۔ سروے نتائج کے مطابق 84 فیصد جواب دہندگان نے موجودہ امریکی حکومت کی حکمرانی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا۔اعداد و شمار کے مطابق 86.2 فیصد شرکاء نے "امریکہ فرسٹ” خارجہ پالیسی کی مذمت کی، جبکہ 89.6 فیصد کا خیال تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بین الاقوامی امور میں امریکہ کی مجموعی کارکردگی ناکام رہی۔ اسی طرح 88.8 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ موجودہ امریکی حکومت کے دور میں دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات میں مزید شدت آئی ہے اور امریکی معاشرہ پہلے سے زیادہ منقسم ہو چکا ہے۔ اپنے اپنے ممالک کے ساتھ امریکی تعلقات کے حوالے سے 83.9 فیصد جواب دہندگان نے مایوس کن رائے دی۔ مزید برآں، 90.1 فیصد نے امریکہ اور اس کے روایتی اتحادیوں کے تعلقات کے مستقبل کو "منفی” قرار دیا۔ سروے میں 91.3 فیصد شرکاء نے گزشتہ ایک سال کے دوران امریکہ کی عالمی ساکھ میں واضح زوال کی نشاندہی کی، جبکہ 91.1 فیصد جواب دہندگان نے موجودہ حکومت کی آئندہ حکمرانی کی صلاحیت پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا۔