چائنا میڈیا گروپ کی 8K خلائی فلم کا نسٹ میں شاندار پریمئیر ، طلبہ اور ماہرین کی بھرپور پذیرائی
اسلام آ باد ()
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) میں چائنا میڈیا گروپ کی جدید 8K خلائی فلم”شینزو -13″ یعنی” کائنات کی وسعتوں سے: کھڑکی کے باہر نیلا سیارہ” کا شاندار پریمئیر منعقد ہوا، جسے طلبہ، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ فلم نے انسانی تجسس، خلا سے زمین کے حسین مناظر اور بچوں کے خوابوں کو حقیقت میں ڈھلتے دیکھنے کے تصور کو نہایت دلکش انداز میں پیش کیا۔
فلم میں یہ دکھایا گیا کہ چینی بچے کس طرح ستاروں کو زمین کے لیے تحفے کے طور پر لانے کا خواب دیکھتے ہیں۔ یہ فلم نہ صرف چین کی جدید بصری و تکنیکی مہارت کی عکاس ہے بلکہ دنیا کی خوبصورتی، ثقافتی تنوع اور انسانی ربط و یکجہتی کا پیغام بھی دیتی ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں چائنا میڈیا گروپ اور نسٹ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ترقی اور غربت کے خاتمے کے ذریعے پاکستان بھی چین کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین تعاون سے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نسل در نسل مزید مستحکم ہو رہے ہیں، اور پاکستان چینی خلانوردوں کے تجربات سے استفادہ کر کے اپنے طلبہ میں خلائی علوم کا شوق بڑھا رہا ہے۔
پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام چین۔پاک سائنسی تعاون کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے فلم کی 8K تکنیکی خصوصیات اور چینی خلائی سٹیشن میں فلم بندی کے منفرد تجربے کو اجاگر کیا، جس کے ذریعے پاکستانی طلبہ نے زمین اور خلا کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ سفیرِ چین نے بتایا کہ چین۔پاکستان خلائی شراکت داری 1960 کی دہائی سے جاری ہے اور اب ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان کے طلبہ کو مختلف سائنسی و تعلیمی شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
نسٹ کے پرو ریکٹر میجر جنرل محمد عارف ملک نے کہا کہ یہ فلم انسانی جستجو اور دریافت کا قابلِ تقلید مظہر ہے، جس نے نوجوانوں میں سائنسی شعور اور تخلیقی فکر کو مزید تقویت بخشی ہے۔
یہ تقریب نہ صرف چین کی تکنیکی برتری اور جدیدیت کو نمایاں کرتی ہے بلکہ ثقافتی ہم آہنگی، عالمی تعاون اور انسانی خوابوں کی تعبیر کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کرتی ہے۔