چینی صدرکا پیلس میوزیم کی نمائش کا دورہ
پیلس میوزیم چینی قوم کے ثقافتی جینیات کا امین ہے، شی
بیجنگ (چائنہ ڈیسک) پیلس میوزیم کے قیام کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے پیلس میوزیم کی نمائش کا دورہ کیا ۔
پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطابقنمائش میں خطاطی اور مصوری کے نایاب شاہکار، کانسی، جیڈ ، اور چینی مٹی کے نوادرات سمیت تاریخی ورثے کی نایاب اشیاء پیش کی گئی ہیں، جو چینی قوم کی شاندار اور تابناک تاریخ اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتی ہیں۔شی جن پھنگ نے نمائش کے دوران تفصیلی بریفنگ سنی، مختلف نوادرات کے سامنے رُک کر انہیں غور سے دیکھا اور متعلقہ ماہرین سے سوالات کیے۔انہوں نے کہا کہ پیلس میوزیم چینی قوم کے ثقافتی جینیات کا امین ہے اور چینی تہذیب کی ایک اہم علامت کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئے تاریخی نقطہ آغاز پر میوزیم کو یہ اصول برقرار رکھنا چاہیے کہ نوادرات عوام کی ملکیت ہیں، اس لیے نوادرات کے تحفظ اور مرمت کے کام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔شی جن پھنگ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پیلس میوزیم کو ایک نمایاں حب الوطنی کے تعلیمی مرکز کے طور پر فروغ دینا چاہیے اور اسے ایسا اہم دریچہ بنایا جائے جس کے ذریعے دنیا چینی تہذیب اور چینی قوم کو بہتر طور پر سمجھ سکے۔