چین۔ امریکہ تعلقات کے دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں، چینی وزیر خارجہ

0


چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کچھ اتار چڑھاؤ آیا ہے، وانگ ای کی امریکی ہم منصب سے گفتگو
بیجنگ (چائنہ ڈیسک) چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔پیر کے روزوانگ ای نے کہا کہ چین۔ امریکہ تعلقات کے دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صحت مند، مستحکم اور پائیدار دو طرفہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے طویل المدتی مفاد میں ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی برادری کی مشترکہ توقع بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں عالمی سطح کے رہنما ہیں، جو طویل عرصے سے ایک دوسرے سے رابطے اور باہمی احترام کے تعلقات قائم رکھے ہوئے ہیں۔ یہ تعلقات فریقین کا سب سے قیمتی اسٹریٹجک اثاثہ ہیں۔وانگ ای نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں چین اور امریکہ کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات میں کچھ اتار چڑھاؤ آیا ہے۔ تاہم کوالا لمپور میں ہونے والے اقتصادی و تجارتی مذاکرات کے ذریعے دونوں فریقوں نے اپنے مؤقف واضح کیے، سمجھ بوجھ میں اضافہ کیا اور موجودہ فوری نوعیت کے تجارتی مسائل کے منصفانہ حل کے لیے ایک اتفاقِ رائے تک پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ اگر دونوں ممالک اپنے سربراہانِ مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر مکمل طور پر عمل کریں، برابری، احترام اور باہمی مفاد کے اصولوں پر کاربند رہیں، اختلافات کو مکالمے کے ذریعے حل کریں اور دباؤ ڈالنے کے رویے سے اجتناب کریں، تو چین۔امریکہ تعلقات کو مستحکم کیا جا سکتا ہے اور یہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔وانگ ای نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی طرف قدم بڑھائیں گے، اعلیٰ سطح رابطوں کے لیے تیاری کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے سازگار حالات پیدا کریں گے۔روبیو نے کہا کہ امریکہ۔چین تعلقات دنیا کے اہم ترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ اعلیٰ سطح روابط دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام کا باعث بنیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.